جمعرات، 26 نومبر 2026
تازہ ترین
احسن اقبال کا کامیاب خلائی لانچنگ کے بعد بیجنگ پہنچنے پر چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن کی ٹیم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ ،ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور بنگلہ دیش کے میڈیا نمائندوں کے وفد کا دفتر خارجہ کا دورہ، پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات اور علاقائی و عالمی امور پر بریفنگ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ”کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر“ کا افتتاح کر دیا، پاکستانی خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے، خلائی مشن میں ان کی شرکت پاک چین شراکت داری اور دوستی کا عروج ہے، عطاء اللہ تارڑ اوگرا کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان،ڈیزل کی قیمت میں 5 اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی صدر مملکت آصف علی زرداری کا بنگلہ دیش کے ساتھ مستقبل پر مبنی شراکت داری کے فروغ، پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور 99واں پاکستان لرننگ فیسٹیول اختتام پذیر، 9 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، خواتین اور بچیوں کا تحفظ، عزت اور مساوی حقوق یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ پاکستان کےسفارتی روابط اور بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ بہتر تعلقات نے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر بین الاقوامی اعتماد کو بڑھانے میں مدد دی ہے ، سردار اویس احمد لغاری کا روسی بین الاقوامی نشریاتی ادارے آر ٹی کو انٹرویو ایچ بی ایل پی ایس ایل، 12 چھ فرنچائزز نے بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاہدے کرلیے، تفصیلات سامنے آگئیں وفاقی وزیر پٹرولیم کی چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات، ایل پی جی پلانٹ اور پٹرول درآمدی منصوبوں سمیت اہم توانائی منصوبوں کے فوری عمل درآمد پر اتفاق پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ اور مربوط کوششیں کرنا ہوں گی، گورنر خیبر پختونخوا احسن اقبال کا کامیاب خلائی لانچنگ کے بعد بیجنگ پہنچنے پر چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن کی ٹیم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ ،ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور بنگلہ دیش کے میڈیا نمائندوں کے وفد کا دفتر خارجہ کا دورہ، پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات اور علاقائی و عالمی امور پر بریفنگ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ”کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر“ کا افتتاح کر دیا، پاکستانی خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے، خلائی مشن میں ان کی شرکت پاک چین شراکت داری اور دوستی کا عروج ہے، عطاء اللہ تارڑ اوگرا کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان،ڈیزل کی قیمت میں 5 اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی صدر مملکت آصف علی زرداری کا بنگلہ دیش کے ساتھ مستقبل پر مبنی شراکت داری کے فروغ، پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور 99واں پاکستان لرننگ فیسٹیول اختتام پذیر، 9 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، خواتین اور بچیوں کا تحفظ، عزت اور مساوی حقوق یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ پاکستان کےسفارتی روابط اور بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ بہتر تعلقات نے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر بین الاقوامی اعتماد کو بڑھانے میں مدد دی ہے ، سردار اویس احمد لغاری کا روسی بین الاقوامی نشریاتی ادارے آر ٹی کو انٹرویو ایچ بی ایل پی ایس ایل، 12 چھ فرنچائزز نے بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاہدے کرلیے، تفصیلات سامنے آگئیں وفاقی وزیر پٹرولیم کی چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات، ایل پی جی پلانٹ اور پٹرول درآمدی منصوبوں سمیت اہم توانائی منصوبوں کے فوری عمل درآمد پر اتفاق پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ اور مربوط کوششیں کرنا ہوں گی، گورنر خیبر پختونخوا
قومی خبریں

صدر مملکت آصف علی زرداری کا بنگلہ دیش کے ساتھ مستقبل پر مبنی شراکت داری کے فروغ، پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو وسیع تر پارلیمانی وفود کے تبادلوں، تجارت و اقتصادی تعاون، تعلیمی رابطوں اور عوامی سطح پر روابط کے ذریعےمزید مستحکم بنانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے خودمختار برابری، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئےشراکت داری کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کی قیادت میں پارلیمانی وفد سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کا دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اعلیٰ سطح کے مزید تبادلوں کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، مشترکہ مذہب اور گہرے ثقافتی و خاندانی رشتوں پر استوار ہیں۔صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات میں آنے والی نئی تیزی کا ذکر کرتے ہوئے بالخصوص اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں، تعلیم، تجارت، ثقافت اور عوامی روابط میں پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے زراعت، صنعت، غذائی تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے، ڈیجیٹل گورننس، خلائی تحقیق اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زیر غور تقریباً 26 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے کی امید بھی ظاہر کی جن سے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک موثر ادارہ جاتی ڈھانچہ فراہم ہوگا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نےبنگلہ دیش کو پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن بیرسٹر جاہرت ادیب چوہدری کے بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی فورمز سمیت پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان-بنگلہ دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ صدر مملکت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پپس) میں بنگلہ دیشی پارلیمانی افسران کی تربیت اور دو ایوانی مقننہ کے حوالے سے اس کی ادارہ جاتی مہارت سے استفادہ کے لیے پاکستان کی معاونت کی پیشکش کی ۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے تعلیمی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے گزشتہ سال شروع کئے گئے پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور کا ذکر کیا جس کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان کی ممتاز جامعات میں 500 مکمل فنڈڈ سکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 170 بنگلہ دیشی طلبہ پاکستانی جامعات میں داخلہ لے چکے ہیں جبکہ مزید 20 طلبہ جلد ان جامعات میں شمولیت اختیار کریں گے۔ صدر مملکت نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی، لاہور میں بنگلہ دیش کے سینئر سول سرونٹس کے لیے ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام کو ملنے والے مثبت ردعمل کا بھی خیرمقدم کیا۔صدر مملکت نے میڈیا کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون اور بنگلہ دیش کے ممتاز اخبارات کے سفارتی نامہ نگاروں کے وفد کے جاری دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے وفود کے باقاعدہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے عوام اور رائے عامہ پر اثرانداز ہونے والے حلقوں کے درمیان بہتر باہمی تفہیم کو فروغ مل سکتا ہے۔رابطوں اور سفری سہولتوں کے حوالے سے صدر مملکت نے بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی جانب سے براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر پروازوں کی تعداد اورمقامات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت اور اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے لیے براہ راست بحری رابطوں کے امکانات تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اپنی حقیقی استعداد سے کم ہے۔ انہوں نے موجودہ طریقہ کار بشمول مشترکہ اقتصادی کمیشن اور تجارت سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ، کو موثر انداز میں بروئے کار لانے پر زور دیا تاکہ ترجیحی تجارتی انتظامات کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے اور گزشتہ سال اکتوبر میں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے دوران متعین کئے گئے ترجیحی شعبوں میں پیش رفت کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے حکومت معاہدے کے تحت پاکستان سے بنگلہ دیش کو جاری چاول کی برآمدات غذائی تحفظ اور ضروری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کی بنیاد بن سکتی ہیں۔صدر مملکت نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی درخواست کے مطابق پاکستان وہاں چینی کے کارخانوں کی بحالی اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تکنیکی مہارت فراہم کرنے کو بھی تیار ہے۔انہوں نے ٹیکسٹائل، ادویہ سازی، چمڑے، گاڑیوں، تعمیراتی سامان، معدنیات، کیمیکلز، سیرامکس اور پٹ سن سمیت مختلف شعبوں میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کی۔صدر مملکت نے بنگلہ دیش کے ساتھ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے چین، بنگلہ دیش اور پاکستان کے سہ فریقی تعاون کے طریقہ کار کے تحت ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا، بالخصوص 19 جون 2025ء کو کنمنگ میں ہونے والے اجلاس کے دوران تعاون کے بارہ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کو اہم پیش رفت قرار دیا۔صدر آصف علی زرداری نے ایک ملین سے زائد روہنگیا پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے کے بنگلہ دیش کے انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام کو سراہا، حالانکہ اس ضمن میں اسے نمایاں اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے بین الاقوامی قانون کے مطابق روہنگیا پناہ گزینوں کی میانمار میں محفوظ، رضاکارانہ اور باعزت واپسی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بنگلہ دیش کے بوجھ میں شریک ہو اور پناہ گزینوں کے لیے مسلسل انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائے۔

صدر مملکت نے بنگلہ دیشی سپیکر سے درخواست کی کہ وہ بنگلہ دیش کی قیادت اور عوام تک ان کی جانب سے نیک تمنائوں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔ بنگلہ دیشی سپیکر حافظ الدین احمد نے صدر مملکت کا پرتپاک استقبال اور اپنے وفد کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے صدر مرزا فخر الاسلام عالمگیر اور وزیراعظم طارق رحمان کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام بھی پہنچایا۔پاکستان سے وابستہ اپنی ذاتی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان وفود کے تبادلوں اور باقاعدہ ادارہ جاتی روابط کے ذریعے قریبی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے بنگلہ دیش میں پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں کی مقبولیت کا بھی ذکر کیا اور اسے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی قربت کا عکاس قرار دیا۔بنگلہ دیشی وفد میں رکن پارلیمنٹ و چیئرپرسن پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورجاہرت ادیب چوہدری ، رکن پارلیمنٹ ہمام قادر چوہدری، ، رکن پارلیمنٹ محمد نذیر الرحمٰن، رکن پارلیمنٹ نیلوفر چوہدری مونی، رکن پارلیمنٹ ناصر رحمان اور پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان شامل تھے۔اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سینیٹر شیری رحمان، رکن قومی اسمبلی نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور قومی اسمبلی میں پاکستان-بنگلہ دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو نے شرکت کی۔

بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)