اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان اور چین نے ایل پی جی پلانٹ اور پٹرول درآمدی منصوبوں سمیت اہم توانائی منصوبوں کے فوری عمل درآمد پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی جس میں اپ سٹریم، آف شور، معدنیات، کان کنی اور ڈائون سٹریم توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں شینژین میں اے پی ای سی 2026 کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے اعلان کردہ ترجیحات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (پالیسی) ظفر عباس اور پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد احمد چیمہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ایل پی جی پلانٹ، سٹوریج اور ٹرمینل سہولیات کے منصوبے کو فوری آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جس سے مقامی سپلائی میں اضافے اور قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں پاکستان میں چینی کمپنیوں کی پی ایس او کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پٹرولیم سٹوریج، ٹرمینلز اور ڈائون سٹریم توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات سے استفادہ کرنے اور ابھرتے ہوئے آف شور مواقع بشمول مربوط آف شور مراکز کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیر پٹرولیم نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو چین کے تاریخی شینژو 24 خلائی مشن میں شرکت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد ذیشان کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان کے لیے باعث فخر لمحہ اور پاکستان چین دیرینہ دوستی اور سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ کا ثبوت قرار دیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ہماری ترجیح بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا ہے، ایپیک 2026 میں صدر شی جن پنگ کی ترجیحات پاکستان اور چین کی توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاس ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے توانائی اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں وسیع غیر استعمال شدہ صلاحیت موجود ہے، ہماری ترجیح اس صلاحیت کو ٹھوس سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور پائیدار معاشی مواقع میں تبدیل کرنا ہے، ہم شفاف، سہولت بخش اور محفوظ سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کرنے اور اپنی توانائی کی منڈی کو زیادہ شرکت اور مسابقت کے لیے کھولنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی تکنیکی قوت، صنعتی مہارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو پاکستان کے قدرتی وسائل کی استعداد کے ساتھ یکجا کرکے دونوں ممالک کے لیے دیرپا فوائد کی حامل غیر معمولی شراکت داریاں قائم کی جا سکتی ہیں، ہم مذاکرات سے عملی اقدامات کی جانب فیصلہ کن پیش رفت چاہتے ہیں۔
ملاقات میں ٹھوس پیش رفت یقینی بنانے کے لیے فریقین نے پاکستان اور چین کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ تجارتی ٹیم تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا۔ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت اور چینی سفارت خانے اور اس کی تجارتی ٹیم کے ذریعے مکمل تعاون اور رابطہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مجوزہ رابطہ کاری کے فریم ورک کا خیرمقدم کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سطح پر روابط مضبوط بنانے میں چین کی گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



