لاہور۔24نومبر (اے پی پی):پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی معاونت سے پاکستانی کاروباری اداروں اور چینی خریداروں کے درمیان مجموعی طور پر 70 ملین امریکی ڈالر مالیت کی تین تجارتی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔یہ معاہدے تین روزہ فوڈ ایگ 2026 کے دوران سمیڈا کے خصوصی ایس ایم ای پویلین میں طے پائے۔ معاہدوں کے تحت چمن ڈرائی فروٹس کے ساتھ 2 کروڑ ڈالر، آرگینک گروور کے ساتھ 2 کروڑ ڈالر اور سلمان ڈیٹس کے ساتھ 3 کروڑ ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔چینی کمپنی ورلڈ لیول سپلائی چین کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کیتھی چن نے چینی خریداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے ان معاہدوں پر دستخط کیے۔
اس موقع پر سمیڈا کے جنرل منیجر ریجنل آفسز نارتھ اینڈ سائوتھ اشفاق احمد، ریجنل چیف ساتھ ذیشان احمد، منیجر سندھ محمد عزیر اور منیجر بلوچستان محمد اقبال بھی موجود تھے۔سمیڈا کے خصوصی پویلین نے پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پیش کرنے اور براہِ راست کاروباری روابط استوار کرنے کا موقع فراہم کیا، جس کے نتیجے میں یہ اہم تجارتی پیش رفت ممکن ہوئی۔اس موقع پر ہونے والے معاہدوں کو پاکستانی ایس ایم ایز اور چینی کمپنیوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کے لیے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے نئے امکانات کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سمیڈا وزارتِ صنعت و پیداوار کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی، تجارتی شراکت داریوں کے قیام اور برآمدی مواقع سے فائدہ اٹھانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ان اقدامات سے ملکی ایس ایم ای شعبے کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



