گلگت۔ 01 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ جرمن حکومت اور دیگر بین الاقوامی ادارے گلگت بلتستان کے مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہے ہیں، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ وہ جرمن حکومت اور جرمن ترقیاتی بینک (کے ایف ڈبلیو) کے تعاون سے صحت حفاظت کارڈ مستحقین میں تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایف ڈبلیو سمیت متعدد بین الاقوامی ادارے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں تاہم ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک جیسے بڑے بین الاقوامی مالیاتی ادارے گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقہ قرار دے کر یہاں ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں کررہے،ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس اہم مسئلے پر آواز اٹھائیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گلگت بلتستان کے مستحق افراد کو مفت اور معیاری علاج و معالجے کی فراہمی کے لیے انڈومنٹ فنڈ کی سہولت موجود ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے صحت سہولت کارڈ بھی فراہم کیا گیا ہے تاہم مستحق مریضوں کو او پی ڈی کی سہولیات کے حوالے سے مشکلات درپیش تھیں، جن کے حل کے لیے جرمن حکومت کے تعاون سے صحت حفاظت کارڈ کا آغاز کیا گیا ہے، اس منصوبے کا پائلٹ پروجیکٹ ضلع گلگت سے شروع کیا جا رہا ہے، جس سے تقریباً 67 ہزار مستحق افراد مستفید ہوں گے، بعد ازاں اس منصوبے کو بتدریج دیگر اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح یونیورسل ہیلتھ کیئر کا نظام متعارف کرانا ہے تاکہ گلگت بلتستان کے ہر شہری کو معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں، اس مقصد کیلئے سندھ حکومت اور گلگت بلتستان کے محکمہ صحت کے مابین تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان کے مستحق مریضوں کا سندھ کے بڑے ہسپتالوں میں مفت علاج ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع دیامر میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے پر کام جاری ہے،اسی طرح بلتستان میں بھی ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور نئے ہسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں، صحت کے شعبے میں موجود تمام خامیوں اور کمی کوتاہیوں کو دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں نرسز کا کردار انتہائی اہم ہے، جس کے پیش نظر بی ایس نرسنگ کی کلاسز شروع کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، گلگت بلتستان میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے اور مقامی ہونہار طلبہ کو میڈیکل کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے آئندہ سال سے میڈیکل کالج میں کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے مستحقین میں صحت حفاظت کارڈ بھی تقسیم کئے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



