فیصل آباد۔۔ 29 نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ آج کے گریجویٹس تبدیلی کے علمبردار ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لانا چاہیے، والدین نے بے شمار مشکلات اور قربانیوں کے باوجود انہیں اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے بھرپور جدوجہد کی، آج ان کی کامیابی نے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے تیرہویں کانووکیشن کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مجموعی طور پر 2183 گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دی یونیورسٹی آف فیصل آباد نے شعبہ تعلیم میں اہم کردار ادا کیا، اس ادارے نے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے گریجویٹس تبدیلی کے علمبردار ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈگری کا حصول منزل نہیں بلکہ عملی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے، نوجوان اپنی تعلیم، علم اور صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔
گورنر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور پُرعزم نوجوانوں سے وابستہ ہے اس لیے طلبہ کو چیلنجز سے گھبرانے کے بجائے مستقل مزاجی، محنت اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق اپنی مہارتوں میں اضافہ کریں، تحقیق اور جدت کو فروغ دیں اور اپنے کردار و عمل سے ملک کا نام روشن کریں۔ سردار سلیم حیدر نے کہاکہ کامیابی صرف ذاتی ترقی کا نام نہیں بلکہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا بھی کامیابی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ اپنی عملی زندگی میں محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کو اپنا شعار بنائیں۔
اس موقع پرچیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر محمد حیدر امین نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کا بنیادی کردار ہے جن کی محنت، رہنمائی اور تعاون سے نوجوان اس مقام تک پہنچتے ہیں۔کانووکیشن کے دوران گورنر پنجاب نے نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 48 طلبہ کو سلیم گولڈ میڈلز، 48 طلبہ کو مختار سلور میڈلز جبکہ 45 طلبہ کو امین براؤنز میڈلز عطا کیے۔تقریب میں مجموعی طور پر 2183 گریجوایٹس نے ڈگریاں وصول کیں جن میں 21 پی ایچ ڈی گریجویٹس بھی شامل تھے۔ میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور فارماسیوٹیکل سائنسز کے 1357، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 349، مینجمنٹ اسٹڈیز کے 236 جبکہ آرٹس اینڈ سوشل سائنسز کے 241 گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں۔
تقریب میں پریزیڈنٹ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میاں محمد حنیف، وائس چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر محمد حمزہ امین، ممبر بورڈ آف گورنرز حسن رشید، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، پرو ریکٹر گرین انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان، رجسٹرار ڈاکٹر زاہدہ مقبول، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، طلبہ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



