اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان فوج کے سعودی عرب روانہ ہونے والے دستوں کے اعزاز میں گزشتہ روز الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیزکے مطابق تقریب میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر راجح تمیمی البقمی، چیف آف جنرل سٹاف پاکستان فوج لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔

پاکستان فوج کی سعودی عرب میں تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تزویراتی شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ یہ تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔ سعودی عرب روانہ ہونے والے فوجی دستے طے شدہ ذمہ داریوں کے تحت سعودی سرزمین پر اپنی خدمات انجام دیں گے جبکہ یہ تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک اور باہمی اتفاق رائے کے مطابق ہوگی۔

پاکستان فوج کے دستوں کی تعیناتی سے ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے میں معاونت ملے گی۔ تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



