کولکتہ۔4اکتوبر (اے پی پی):برازیل کی فٹ بال ٹیم نے بھارت کو اس کی سرزمین پر کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ میں باآسانی 0-4 گول سے ہرا دیا۔ برازیل کی جانب سے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سیموئل لینو نے دو جبکہ ایسٹیواو اور پیڈرو نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بھارتی ٹیم اپنی بھرپور کوشش کے باوجود میچ میں کوئی گول سکور نہ کرسکی۔ای ایس پی این کے مطابق برازیل اور بھارت کی قومی فٹ بال ٹیموں کے درمیان سالٹ لیک سٹیڈیم ،کولکتہ میں کھیلے گئے دوستانہ میچ میں برازیل کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی میزبان بھارتی ٹیم پر حاوی رہی۔
میچ کے 28 ویں منٹ پر ایسٹیواو نے گول کر کے بھارتی کے خلاف اپنی ٹیم کو 0-1 گول کی برتری دلائی، وقفہ سے قبل 42 ویں منٹ پر پیڈرو نے ایک گول کر کے مقابلہ 0-2 کر دیا۔ یوں میچ کے پہلے ہاف پر برازیل کو بھارت کے خلاف 0-2 کی برتری حاصل تھی۔ سیموئل لینو نے میچ کے 58 ویں منٹ پر ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کر بڑھاتے ہوئے 0-3 کر دیا ۔
اس کے بعد میچ کے اختتام لمحات پر سیموئل لینو نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا مجموعی طور پر چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-4 کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ بھارتی ٹیم اپنی سرتوڑ کوشش کے باوجود میچ میں کوئی گول سکور نہ کرسکی اور برازیل نے باا ٓسانی میزبان بھارت کو میچ میں 0-4 گول سے ہرا دیا۔ برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینچلوٹی نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کے لیے یہ کوئی امتحان نہیں بلکہ ایک بہترین موقع تھا ۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



