اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چین میں پاکستان کے تاریخی انسانی خلائی مشن کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ میں شرکت کی اور پاکستان کے پہلے خلا نورد محمد ذیشان علی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ہاتھ ہلا کر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے خلائی خواب حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں اور آج ہم اپنی آنکھوں سے تاریخ رقم ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان کی یہ تاریخی خلائی پرواز نوجوان نسل کے لیے امید، حوصلے اور عزم کا نیا پیغام ہے کہ علم، جدت، تحقیق اور محنت کے ذریعے کوئی بھی منزل ناممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے خلائی تربیت کے مشکل ترین مراحل کامیابی سے مکمل کر کے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسمان اب پاکستان کی حد نہیں بلکہ نئی بلندیوں کی جانب سفر کا نقطۂ آغاز ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین فولادی دوستی ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے۔
ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری یہ دوستی اب خلاؤں کی وسعتوں تک پہنچنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خلا نورد محمد ذیشان علی چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن کے پہلے غیر ملکی مہمان بننے کا اعزاز حاصل کرنے جا رہے ہیں، جو پاکستان کے لیے ایک تاریخی عالمی اعزاز ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کل صرف ایک خلا نورد خلا کی جانب روانہ نہیں ہوگا بلکہ پوری پاکستانی قوم کے خواب، امیدیں اور امنگیں اس کے ساتھ پرواز کریں گی۔
یہ تاریخی مشن پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کو نئی جہت دینے اور پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک نئے دور کے آغاز کا سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں محمد ذیشان علی اور شین ژو۔24 مشن کے عملے کے ساتھ ہیں۔ ہم اس تاریخی مشن کی کامیابی اور تمام خلا نوردوں کی بحفاظت واپسی کے لیے دعاگو ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



