اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ ہماری توجہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے عوامی خدمت اور عملی اقدامات پر مرکوز ہو۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوامی رائے لینے میں کوئی حرج نہیں، عوامی رائے صوبوں کے قیام کے حق میں آئے تو صوبے بنائیں بصورت دیگر یہ اقدام نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوامی رائے جاننے کے لئے ملک بھر میں بحث جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی رائے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا وقت آئے گا تو اسے پارلیمنٹ میں لے آئیں گے۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس ضمن میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ بات چیت جاری ہے، یہ پلیٹ فارمز پاکستان میں اپنے دفاتر بھی قائم کر رہے ہیں۔ اگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنے قواعد و ضوابط کو ملکی قوانین سے ہم آہنگ کرلیں تو اس سے صورتحال میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



