اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (آر سی ڈی پی) کو دوبارہ نئے قرضے جاری کرنے کی اجازت دے دی اور کمپنی کو قرضوں کی وصولی اور شکایات کے ازالے کے نظام میں خامیاں دور کرنے اور 60 دن میں عمل درآمد کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ پابندی معائنے کے بعد ختم کی گئی۔ معائنے میں ضلع شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد میں خودکشی کے واقعے سے آر سی ڈی پی یا اس کے ملازمین کے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔پولیس نے 30 اکتوبر کو ایف آئی آر درج کی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ شہری کی موت کا تعلق اس کی اہلیہ کے قرض کی وصولی کے لیے آر سی ڈی پی کے عملے کی کوششوں سے تھا۔
ایس ای سی پی نے یکم نومبر کو معائنے کا حکم دیا اور 2 نومبر کو نئے قرضوں کے اجرا پر عارضی پابندی عائد کردی۔متوفی کے اہل خانہ نے پولیس کو دیئے گئے تحریری بیانات اور مجسٹریٹ کے سامنے جمع کرائے گئے حلف ناموں میں الزامات واپس لے لیے۔ مجسٹریٹ نے آر سی ڈی پی کے ملازمین کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ بند کر دیا۔معائنے میں معلوم ہوا کہ کمپنی کے پاس قرضوں کی وصولی کی منظور شدہ پالیسی موجود نہیں تھی۔ وصولی کے کام کی نگرانی اور ریکارڈ رکھنے کا انتظام بھی ناکافی تھا۔
شکایات کی درجہ بندی، انہیں متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان پر کارروائی کرنے کے طریقہ کار میں بھی خامیاں پائی گئیں۔ کمپنی نے ان خامیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔آر سی ڈی پی کے 36 اضلاع میں تقریباً 4 لاکھ 25 ہزار فعال صارفین ہیں۔کمپنی کے جاری کردہ قرضوں کی بقایا رقم 23 ارب روپے ہے۔ کمپنی ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت بھی قرضے فراہم کرتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



