اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ ایس سی او کانفرنس کے موقع پرپاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کا دورہ بھارت اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا موقف قابلِ تحسین ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق حریت کانفرنس کا ایک اہم اجلاس کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کے دورہ بھارت اور اس موقع پر ان کی جانب سے اختیار کیے گئے موقف کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے ڈاکٹر مصدق ملک کی جانب سے اس موقف کو سراہا کہ خطے کے تمام مسائل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔حریت قیادت نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تنازعات بالخصوص مسئلہ کشمیر کو بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ میں ایک بنیادی مسئلہ ہے ، جسے نظرانداز کرکے خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرنا ناگزیر ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ مذاکرات ہی مسائل کے پُرامن حل کا موثر ذریعہ ہیں۔اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کو اس عمل کا لازمی حصہ بنایا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



