بیجنگ۔24نومبر (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ پاکستانی خلاباز کی چینی خلائی سٹیشن کے مشن میں شرکت ، چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلابازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی۔ سی جی ٹی این کے مطابق چین کے جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شینزو-24 انسان بردار خلائی مشن کے حوالے سے پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔
لانچ سینٹر کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی خلاباز چین اور پاکستان کے تعاون سے چار سائنسی منصوبے انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کا اہم ( ہمہ موسمی ) سٹریٹجک شراکت دار ہے۔ پاکستانی خلاباز کی چینی خلائی سٹیشن کے مشن میں شرکت، چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلابازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی جبکہ یہ چینی خلائی سٹیشن پر کسی غیر ملکی خلاباز کی پہلی آمد بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر انسان بردار خلائی مشن دونوں ممالک کے تعاون کا ایک اور اہم ثمر اور روایتی دوستی کا نمایاں مظہر ہے۔
اس مشن کے تحت بائیوٹیکنالوجی اور مواد کے شعبوں میں چین پاکستان تعاون کے چار سائنسی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ پاکستانی خلاباز مدار میں فوٹوسینتھیٹک مائیکرو آرگینزم سائنو بیکٹیریا ایکسپیریمنٹ بھی انجام دیں گے۔ چینی خلائی سٹیشن کے منصوبے میں سائنسی تحقیق اور استعمال کے وسیع وسائل، مدار میں مستحکم آپریشن کی صلاحیت، زمین اور مدار کے درمیان آمدورفت کا پختہ نظام اور خلابازوں کے انتخاب و تربیت کا مکمل نظام موجود ہے، اس کے ساتھ ساتھ چین کا چاند کی تحقیق کا منصوبہ بھی مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین وسیع کائنات کی تحقیق اور خلا کے پُرامن استعمال کے لیے تمام ممالک اور خطوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



