اقوام متحدہ ۔25نومبر (اے پی پی):چین کے خلائی مشن شین ژو-24 کے ذریعے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلا میں روانگی پر اقوام متحدہ میں پاکستان اور چین کے مستقل مندوبین نے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے دونوں دوست ملکوں کے گہرے تعلقات کا اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے اس موقع کو پاکستان بالخصوص نوجوان نسل اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مستقبل کے لیے باعثِ فخر قرار دیا، چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا تعلق برادر ملک پاکستان سے ہے۔چینی سفیر فو کانگ نے کہا کہ یہ مشن دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دوطرفہ دوستی کا ایک اہم سنگ میل اور پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک لے گیا ہے۔
پاکستانی سفیر سید حیدر شاہ نے کہا کہ محمد ذیشان علی کے خلائی سفر کو ممکن بنانے میں چین کے ساتھ پاکستان کے قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مشن خلائی تحقیق، خلائی ٹیکنالوجی اور خلائی علوم کے شعبوں میں پیشہ ورانہ مواقع کے نئے دروازے کھولے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



