کینبرا۔24نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) عالمی طاقت کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کر رہی ہے اور یہ ٹیکنالوجی انسانی زندگی، معیشتوں اور عسکری نظاموں کی نئی تشکیل کا باعث بن رہی ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے منگل کو وفاقی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی معاشی اور تزویراتی طاقت کی بنیادوں اور اس کے مختلف پہلوئوں کو تبدیل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز ماضی کی کسی بھی انقلابی ٹیکنالوجی کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہیں اور تبدیلیاں لا رہی ہیں۔ یہ ٹیکنالوجیز ہماری زندگیوں، معیشتوں اور عسکری نظاموں کو ایسے انداز میں تبدیل کر رہی ہیں جس کا مکمل طور پر اندازہ لگانا فی الحال ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر اس امر کو یقینی بنانے کا خواہاں ہے کہ جدید ترین مصنوعی ذہانت کی تیاری میں تیز رفتاری کی بجائے ذمہ داری، احتیاط اور محفوظ پیش رفت کو ترجیح دی جائے۔
اس مقصد کے لیے ممالک کے درمیان اعتماد پیدا کرنا، مسائل پیدا ہونے کی صورت میں باہمی تعاون کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ عالمی ردعمل مصنوعی ذہانت کی طاقت اور اثرات کے مطابق ہو۔ آسٹریلوی وزیر خارجہ نے کہا کہ آسٹریلیا جدید ترین مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری اور جدت کا خیرمقدم کرتا ہے، تاہم یہ عمل ایسی شرائط کے تحت ہونا چاہیے جو تمام آسٹریلوی شہریوں کے مفاد میں ہوں۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی حکومت نے نومبر میں مصنوعی ذہانت کے حوالے سے نئے لازمی حفاظتی اقدامات متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
ان اقدامات کے تحت مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنیوں کے لیے حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کی اطلاع دینا لازمی ہوگا جبکہ ان کے تیار کردہ ماڈلز کی آزادانہ حفاظتی جانچ کی بھی اجازت دی جائے گی۔ ان حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد ایک نئے نگران ادارے کے ذریعے کرایا جائے گا، جسے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



