طرابلس ۔23نومبر (اے پی پی):لیبیا کی نیشنل آئل کارپوریشن نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے تیل کے ذخیرے شارارہ آئل فیلڈ سے منسلک خام تیل کی پائپ لائن کا والو بند کیے جانے کے باعث یومیہ تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار بیرل تیل کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ شنہوا کے مطابق نیشنل آئل کارپوریشن نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ اکاکس آئل آپریشنز کے زیرِ انتظام پائپ لائن کا والو ایک غیر مجاز گروہ نے بند کیا ہے۔
یہ صورتحال حمادہ پائپ لائن کی دو ہفتوں سے زائد عرصے سے جاری بندش کے باعث پہلے ہی متاثرہ تیل کی پیداوار میں مزید کمی کا سبب بن رہی ہے۔بیان کے مطابق حمادہ پائپ لائن کی بندش سے یومیہ تقریباً 15 ہزار بیرل تیل کی پیداوار کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ دونوں واقعات کے نتیجے میں مجموعی طور پر یومیہ تقریباً 3 لاکھ 65 ہزار بیرل تیل کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
نیشنل آئل کارپوریشن نے خبردار کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ملک کو درپیش معاشی مشکلات کے تناظر میں پیداوار میں یہ کمی لیبیا کی معیشت پر مزید دباؤ ڈال سکتی ہے۔واضح رہے کہ جنوب مغربی لیبیا کے مرزق طاس میں واقع شارارہ آئل فیلڈ ملک کا سب سے بڑا تیل کا ذخیرہ ہے اور قومی پیداوار و محصولات میں اس کی اہم حیثیت ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



