برلن۔1نومبر (اے پی پی):جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف بڑے پیمانے پر پرتشدد احتجاجی مظاہرے ہو ئے ہیں،فرینکفرٹ میں مشتعل مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کے دوران کئی دکانیں لوٹ لیں اور مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔بی بی سی کے مطابق فرینکفرٹ کے علاوہ برلن، کولون اور ہیمبرگ میں بھی تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔
جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن استعمال کیں جنھوں نے ہنگامی امدادی کارکنوں کو آتش بازی کے سامان، پتھروں اور بوتلوں سے نشانہ بنایا۔اس سے قبل ہزاروں افراد نے احتجاجی مہم چلانے والے گروپ جین زی راج کے زیرِ اہتمام مظاہروں میں شرکت کی۔ مظاہرین سکولوں کے لیے ناکافی فنڈنگ، بڑھتے ہوئے اخراجات، سرکاری اخراجات میں کٹوتیوں اور لازمی فوجی خدمات کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
فرینکفرٹ کی مرکزی تجارتی شاہراہ کا ایک بڑا حصہ پولیس نے بند کر دیا تھا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ شہر میں متعدد گرفتاریاں کی گئیں۔حکام کے مطابق برلن، فرینکفرٹ اور میونخ میں مجموعی طور پر 18 ہزار تک مظاہرین موجود تھے، جو منتظمین کی ویب سائٹ پر دیے گئے تخمینے کے تقریباً نصف کے برابر تھے۔’جین زی راج‘ کی ترجمان لینا فریڈرچ نے کہا کہ یہ مظاہرے جنگ اور جبر کے بجائے امن اور آزادی کے لیے جدوجہد کے لیے گئے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم بات صحت اور تعلیم کے نظام کے لیے بہتر معاونت ہے۔ ہم لازمی فوجی خدمت کے خلاف ہیں اور بوجھ کی زیادہ منصفانہ تقسیم کے حامی ہیں۔جرمنی میں یہ بے امنی فرانس میں ہونے والے اسی نوعیت کے مظاہروں کے بعد ہوئی ہے، جہاں نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے بڑے مظاہروں کے دوران بھی پرتشدد واقعات ہوئے تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



