سیالکوٹ۔ 02 نومبر (اے پی پی):چیئرپرسن لیگل ایجوکیشن کمیٹی پنجاب بار کونسل سمیرہ حسین نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں وکیل کا رتبہ مثالی حیثیت رکھتا ہے، وکالت ایک مقدس پیشہ ہے اور وکیل معاشرے کی بہتری، قانون کی بالادستی اور محروم طبقات کو انصاف کی فراہمی کے لیے قانونی جنگ لڑتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو بار لائبریری میں بار ووکیشنل کورس کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا وکیل بننے کے لیے قانون کی تاریخ اور اس کی باریکیوں کو سمجھنا ضروری ہے جبکہ اس شعبے میں کامیابی اور نام پیدا کرنے کے لیے محنت، لگن اور مسلسل مطالعے کا کوئی متبادل نہیں، محنت کے بغیر کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں، اس لیے نئے آنے والے وکلاء کو چاہیے کہ وہ پوری تیاری اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوں تاکہ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ جب ایک وکیل محنت اور لگن کے ساتھ عدالت میں اپنا مقدمہ پیش کرتا ہے تو وہ سائلین کو انصاف کی فراہمی میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
کالے کوٹ کا تقدس اور عزت برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نئے آنے والے وکلاء کو چاہیے کہ وہ اپنے پیشے سے مخلص رہیں، وکالت میں شارٹ کٹ تلاش کرنے کے بجائے سخت محنت کو اپنا شعار بنائیں اور اس شعبے پر لگنے والے منفی دھبوں کو دور کرنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے نئے آنے والے وکلاء، بالخصوص خواتین اور مرد وکلاء پر زور دیا کہ وہ ہر مقدمے کی بھرپور تیاری کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوں تاکہ سائلین کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر ممبر پنجاب بار کونسل حسن سرفراز بھلی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سعید احمد بھلی، سیکرٹری چوہدری شہباز شمس، سابق سول جج و معروف قانون دان عدنان صفدر کھوکھر، ملک شہباز احمد سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سعید احمد بھلی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سینئر وکلاء کی عزت و احترام اور ان کی رہنمائی کے بغیر کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں، اس لیے نئے آنے والے وکلاء کو چاہیے کہ وہ اپنے سینئرز سے رہنمائی حاصل کریں اور عدالتوں میں زیر سماعت ان کے مقدمات کے دلائل غور سے سنیں تاکہ عملی طور پر وکالت کے اسرار و رموز سیکھ سکیں۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری شہباز شمس نے کہا کہ اچھا وکیل بننے کے لیے مکمل تیاری اور مطالعے کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہونا ضروری ہے تاکہ سائلین کو بلا تعطل انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ وکیل کی کامیابی تعلیم، محنت اور لگن سے ہی وابستہ ہے، جبکہ مطالعے اور محنت کے بغیر کوئی بھی وکیل پیشہ ورانہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا اور نہ ہی سائلین کو انصاف کی فراہمی میں مؤثر معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر بار ووکیشنل کورس کی تمام کلاسز میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والے قانون کے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ صدر بار سعید احمد بھلی، سیکرٹری چوہدری شہباز شمس، ممبر پنجاب بار کونسل حسن سرفراز بھلی، نائب صدر گل دیبا، عرفان اللہ وڑائچ اور سابق سول جج عدنان صفدر کھوکھر کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



