لاہور۔23نومبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مختلف کارروائیوں کے دوران اعلی عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پھیلانے، ایک عمارت اور اس میں موجود افراد کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی، اپنی سگی بہن کو نجی ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے اور بچوں کے آن لائن جنسی استحصال میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔این سی سی آئی اے نے اعلی عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کے الزام میں محمد اویس کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم فیس بک، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر اپنے اکاونٹس کے ذریعے اعلی عدلیہ کے خلاف قابل اعتراض مواد پھیلا رہا تھا۔ اس کے قبضے سے موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا کہ اعلی عدلیہ کے خلاف اس نوعیت کا مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایک اور کارروائی میں ایک عمارت اور اس میں موجود افراد کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کرنے والے 17 سالہ طالب علم کو گرفتار کر لیا گیا۔
عاطف امیر کے مطابق مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم کلائوڈ اے آئی پر ہونے والی گفتگو سے متعلق تکنیکی معلومات ملنے پر تحقیقات شروع کی گئیں۔ ڈیجیٹل شواہد اور ٹیلی کمیونیکیشن ریکارڈ کی مدد سے نوجوان کی شناخت کی گئی۔ عدالتی سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد اسے گرفتار کرکے موبائل فون قبضے میں لے لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں عمارت اور وہاں موجود افراد کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو سامنے آئی تاہم گھر کی تلاشی کے دوران کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا۔
این سی سی آئی اے نے اقبال ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے فرقان رزاق کو بھی گرفتار کیا، جس پر اپنی سگی بہن کی نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے اسے بلیک میل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم نے ویڈیوز رشتہ داروں میں پھیلانے کی دھمکی دے کر خاندانی جائیداد میں سے آدھا حصہ اپنے نام منتقل کروانے کے لیے اسٹام پیپر بھی تیار کروا لیے تھے۔ بعد ازاں اس نے بہن سے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ ملزم کے موبائل فون سے قابل اعتراض ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں۔بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے خلاف کارروائی میں محمد ارسلان کو ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کیا گیا۔
سورس رپورٹ سے موصول ہونے والی اطلاعات پر تحقیقات کے دوران ملزم کے گوگل ڈرائیو اکائونٹ اور اس سے منسلک موبائل نمبرز کا سراغ لگایا گیا۔ ریکارڈ کی جانچ سے متعلقہ نمبرز ملزم کے نام پر رجسٹرڈ پائے گئے۔ ملزم پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد تیار کرنے، محفوظ رکھنے اور گوگل ڈرائیو کے ذریعے اپ لوڈ کرنے کا الزام ہے۔ اس کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا گیا ہے، جسے مزید فرانزک جانچ کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق تمام گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کے ذریعے مقدمات کے مزید پہلوئوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



