کراچی۔ 24 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی زرعی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے، پیداواری استعداد میں اضافے اور زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کیلئے بین الاقوامی تجارتی شراکت داری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری ناگزیر ہیں۔منگل کے روز ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے کراچی ایکسپو سینٹر میں فوڈ ایگ 2026کے دوسرے روز یورپی یونین، مین لینڈ چین، ہانگ کانگ اور ملائیشیا کے کاروباری و تجارتی وفود سے اعلی سطحی ملاقاتوں کے دوران کیا۔یورپی یونین کے وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان اور یورپی یونین کے دیرینہ تجارتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یورپی منڈی پاکستان کی بڑی برآمدی منڈیوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے موجودہ تجارتی تعلقات کو روایتی تجارت سے آگے بڑھاتے ہوئے تکنیکی تعائون، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان زرعی مشینری، معیاری بیجوں، کھادوں، سیٹلائٹ پر مبنی خدمات اور جدید زرعی طریقوں کے حوالے سے یورپی مہارت سے بھرپور استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی وسیع صارف منڈی اور زراعت پر مبنی معیشت یورپی کاروباری اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع فراہم کرتی ہے۔ملاقات کے دوران جی ایس پی پلس کی شرائط اور انسانی حقوق، محنت کشوں کے حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور بہتر طرز حکمرانی سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا گیا۔ وفد کو ضابطہ جاتی اور پالیسی سے متعلق امور کے حل میں مسلسل معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔مین لینڈ چین اور ہانگ کانگ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے چین کو پاکستانی برآمدات میں اضافے کے ذریعے موجودہ تجارتی عدم توازن کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ دیرینہ دوطرفہ اور کاروباری تعلقات کے باوجود اقتصادی تعائون کو مزید مستحکم کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔وفاقی وزیر نے چینی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور جدید پیداواری طریقوں کے ذریعے پاکستان کے زرعی اور غذائی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ غذائی تحفظ کو ایک اہم عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی پیداوار، لائیو اسٹاک، ماہی گیری اور قدر افزائی پر مبنی غذائی مصنوعات کے شعبوں میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جس سے ابھی بھرپور استفادہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے چاول، گوشت اور ماہی گیری کے شعبوں کو برآمدات میں اضافے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طریقوں کو اپنانے سے پیداواری استعداد اور قدر افزائی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ملائیشیا کے وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے زرعی ترقی کے حوالے سے ملائیشیا کی پیش رفت کو اجاگر کیا اور قومی معیشت میں پاکستان کے زرعی شعبے کا حصہ بڑھانے کے لیے ملائیشیا کے تجربات سے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ ایگ جیسی بین الاقوامی نمائشیں علم کے تبادلے، تکنیکی مہارت کے اشتراک اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے گراں قدر مواقع فراہم کرتی ہیں۔ ایسے پلیٹ فارمز مستقبل میں باہمی تعاون کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے اور کاروباری شراکت داری کو مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ملاقاتوں کے بعد وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا،
زرعی اور غذائی شعبوں سے وابستہ کاروباری افراد سے ملاقات کی اور پاکستانی نمائش کنندگان کی جانب سے پیش کی گئی مختلف مصنوعات کا جائزہ لیا۔ان ملاقاتوں نے سرمایہ کاری کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، زرعی پیداواری استعداد میں اضافے اور پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو وسعت دینے کے لیے عالمی تعائون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ملاقاتوں میں شریک اہم شخصیات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے سیکریٹری شہریار تاج شامل تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



