راولپنڈی۔2نومبر (اے پی پی):راولپنڈی سمیت پنجاب کے 13 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کے دوران راولپنڈی میں پانچ سال سے کم عمر 9 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی جبکہ ابتدائی مہمات میں رہ جانے والے بچوں تک رسائی کے لیے فالو اَپ سرگرمیاں بھی انجام دی جائیں گی۔سربراہ پنجاب انسداد پولیو پروگرام خالد پرویز کے مطابق راولپنڈی سمیت پنجاب کے 13 اضلاع میں انسداد پولیو مہم چار روز جاری رہے گی جبکہ لاہور میں یہ مہم سات روز تک جاری رہے گی۔
صوبے بھر میں 93 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 77 ہزار سے زائد اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔خالد پرویز نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کی آمد پر اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی قطرے پلوائیں، خواہ انہیں گزشتہ مہمات میں بھی ویکسین دی جا چکی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت تمام ہدف شدہ اضلاع میں ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی رہنماؤں اور علمائے کرام پر بھی زور دیا کہ وہ والدین کو پولیو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کریں کیونکہ مہم کی کامیابی اور بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے والدین کا تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



