لاہور۔2نومبر (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122)، ڈاکٹر رضوان نصیر نے اکتوبر 2026 کے دوران پنجاب بھر میں پیش آنے والے 44,797 روڈ ٹریفک حادثات میں 464 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، 23,543 افراد کے شدید زخمی ہو کر مستقل معذوری کا شکار ہونے، 1,726 آگ لگنے کے واقعات اور 94 ڈوبنے کے حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز (ریسکیو 1122) نے اکتوبر کے دوران پنجاب بھر میں 231,056 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 233,210 متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکتوبر کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع کی ایمرجنسی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔وہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے ماہانہ آپریشنل کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ڈائریکٹرز ایمرجنسی سروسز، مختلف ونگز کے سربراہان اور صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی جبکہ تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے اکتوبر 2026 کے دوران اپنے اپنے اضلاع کی آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی، جس میں اہم ایمرجنسیز، ریسپانس، آپریشنل چیلنجز پہ تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
ہیڈ آف آپریشنز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران 231,056 ایمرجنسیز پر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں، جن میں سب سے زیادہ ایمرجنسیز 59,325 روڈ ایکسیڈنٹ اور ٹراما کی تھیں، اس کے علاوہ 42,813 دل کے امراض، 31,301 معدہ و نظام ہاضمہ، 22,605 سانس کی بیماریوں، 17,853 اعصابی امراض، 15,212 بخار، 7,954 امراضِ نسواں و زچگی، 7,498 مثانہ کے امراض، 6,924 آگ لگنے اور ریسکیو سے متعلق ایمرجنسیز، 5,275 شوگر، 4,915 نفسیاتی امراض، 4,227 ریڑھ اور جوڑوں کے درد، 4,195 جرائم ایمرجنسیز کی کال، 379 الرجی کی ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 44,797 روڈ ٹریفک حادثات میں 464 افراد جاں بحق ہوئے۔
ان ٹریفک حادثات میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ 7,874 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 8,833 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ ملتان میں 2,838 حادثات پیش آئے جن میں 3,312 موٹر سائیکلیں جبکہ فیصل آباد میں 2,615 حادثات میں 2,896 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ اسی طرح گوجرانوالہ میں 2,092 حادثات میں 2,250 موٹر سائیکلیں جبکہ شیخوپورہ میں 1,714 حادثات میں 1,706 موٹر سائیکلیں موجود تھیں۔ سب سے کم حادثات تونسہ شریف میں رپورٹ ہوئے جہاں 142 حادثات میں 160 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ اسی طرح آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور 357 کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ فیصل آباد میں 122، راولپنڈی میں 116، ملتان میں 109، شیخوپورہ میں 66 اور گوجرانوالہ میں 62 واقعات پیش آئے۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے حادثات کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد گزشتہ ماہ کے دوران 44,797 روڈ ٹریفک حادثات میں 464 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حادثات میں 74 فیصد موٹر سائیکل شامل تھیں۔ انہوں نے موٹر بائیک رائڈرزپر زور دیا کہ وہ محفوظ ڈرائیو کریں اور سڑک کے بائیں جانب 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رفتار پر سفر کریں، کیونکہ رفتار میں ہر 1 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافہ مہلک حادثے کے خطرے کو 4 سے 5 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



