اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شین ژو-24 کی کامیاب لانچنگ پر پاکستان اور چین کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے جو ایک پاکستانی خلا باز کو بھی تیانگونگ خلائی اسٹیشن لے کر جارہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ بھی منارہے ہیں، یہ تاریخی مشن پاکستان اور چین کی ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا ان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی ٹیموں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ہماری دیرینہ دوستی اور خلاء کی پُرامن تحقیق کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے، یہ مشن ہمارے نوجوانوں کے لیے تحریک کا باعث بنے گا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ہماری امنگوں کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنے خلا باز محمد ذیشان علی اور چینی عملے کے لیے محفوظ سفر اور مشن کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



