اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وزارت صحت حکومت پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان گلوبل ہیلتھ سمٹ 2026 کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ جمعہ کو اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ سمٹ کے اختتام پر ’’اسلام آباد ڈیکلیئریشن‘‘ کے عنوان سے جاری اعلامیہ میں ذہنی صحت کو مشترکہ عالمی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ذہنی صحت کسی ایک ملک یا ادارے کی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اعلامیہ میں پاکستان کی جانب سے عملی اقدامات اور شراکت داری کے ذریعے قیادت کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے قومی ذہنی صحت پالیسی فریم ورک کو قابل پیمائش نتائج میں تبدیل کرنے اور گلوبل الائنس فار مینٹل ہیلتھ کے ذریعے عالمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
اعلامیہ میں عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ ذہنی صحت کے شعبے میں تقسیم سے ہم آہنگی، قلیل مدتی منصوبوں سے پائیدار مالی معاونت اور پالیسی وعدوں سے جوابدہ عملی اقدامات کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔اسلام آباد اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلامیہ سرحدوں سے بالاتر ہوکر ذہنی صحت کو سب کے لیے یقینی بنانے کے لیے دنیا کو متحد کرے جبکہ اسلام آباد عالمی مکالمے، سیکھنے اور عملی اقدامات کا مرکز بنے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



