جنیوا ۔28نومبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے جمہوریہ کانگو میں بنڈی بگیو وائرس سے پھیلنے والی ایبولا وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی سفارشات میں ترمیم کرتے ہوئے ممکنہ ویکسین اور علاج کی طبی آزمائشیں تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے پر زور دیا ہے۔شنہوا کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے جمعہ کو اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے ہنگامی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی ہدایات جاری کی ہیں اور اس وبا کو بدستور بین الاقوامی تشویش کی حامل صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال قرار دیا ہے۔
ہنگامی کمیٹی نے زور دیا کہ ممکنہ ویکسین اور علاج کی طبی آزمائشوں میں تیزی لائی جائے، تاہم سائنسی، اخلاقی اور حفاظتی معیارات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ کمیٹی نے آزمائشوں کے طریقہ کار اور عملدرآمد سے متعلق شفاف معلومات کی فراہمی کے لیے مقامی آبادی کو اعتماد میں لینے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔سفارشات میں طبی مراکز میں وائرس کی منتقلی روکنے، غیر محفوظ انجیکشن کے طریقوں سے ہونے والے انفیکشن کی روک تھام اور علامات ظاہر ہونے، تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی کےدرمیان تاخیر کم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے کانگو کے ان علاقوں میں ہنگامی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں وائرس کے نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں یا مقامی سطح پر اس کی منتقلی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ دیگر ممالک کو ممکنہ طور پر متاثرہ مسافروں کی نشاندہی اور جانچ کے لیے مخصوص حفاظتی اقدامات اپنانے کی سفارش کی ہے۔بیان کے مطابق 24 نومبر تک جمہوریہ کانگو میں ایبولا کے 12 ہزار سے زائد کیسز اور 5 ہزار 900 اموات رپورٹ ہو چکی تھیں۔
ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی کی خراب صورتحال وبا پر قابو پانے کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ ہے، جس سے انسانی امداد کی فراہمی اور مریضوں، طبی عملے، امدادی کارکنوں اور طبی مراکز کا تحفظ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ادارے کے مطابق نئی سفارشات کا بنیادی مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو اس کے منبع پر روکنا اور متاثرہ آبادی و طبی عملے کا تحفظ یقینی بنانا ہے، جبکہ بین الاقوامی پروازوں اور آمدورفت میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرنے سے گریز کرنا بھی پیش نظر ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


