تیونس۔28نومبر (اے پی پی):تیونس اور اقوام متحدہ نے 2027ء سے 2031ء تک پانچ سالہ اسٹریٹجک تعاون کے فریم ورک پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً 44 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت درکار ہوگی۔شنہوا کے مطابق معاہدے پر جمعہ کو تیونس کے وزیر خارجہ محمد علی نفتی اور اقوام متحدہ کی مقیم رابطہ کار رانا طحہ نے دستخط کیے۔
اس موقع پر تیونس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ فریم ورک ٹھوس، قابل پیمائش اور عملی نتائج کے حصول کے لیے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے، جو تیونس کے 2026ء سے 2030ء کے ترقیاتی منصوبے سے ہم آہنگ ہے۔انہوں نے بتایا کہ تعاون کے فریم ورک میں تین بنیادی ترجیحات شامل ہیں، جن میں انسانی وسائل کی ترقی اور سماجی شمولیت کو مضبوط بنانا، روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے جامع اقتصادی تبدیلی کو فروغ دینا اور ماحولیاتی و توانائی کے شعبوں میں منتقلی کے ساتھ آبی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی، ترقیاتی چیلنجز اور بین الاقوامی مالی معاونت تک رسائی میں مشکلات کے تناظر میں اقوام متحدہ کے ساتھ مسلسل تعاون اہمیت رکھتا ہے۔اقوام متحدہ کی مقیم رابطہ کار رانا طحہ نے کہا کہ تیونس نے اپنی مہارتوں اور انسانی وسائل کو عملی مواقع میں تبدیل کیا ہے، جس کے نتیجے میں بے روزگاری کی شرح اور تعلیم، تربیت یا روزگار سے محروم نوجوانوں کا تناسب کم ہوا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



