اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ میں جاری لوک میلہ میں ہفتہ (کل)کو کشمیر میوزیکل نائٹ منعقد ہوگی جبکہ اتوار کو پنجاب میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا،میوزیکل نائٹس میں میں مختلف خطوں کی روایتی موسیقی، لوک دھنوں اور ثقافتی رنگوں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ لوک ورثہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ان موسیقی کی محافل میں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور حاضرین کو اپنے علاقے کی منفرد موسیقی، لوک روایات اور علاقائی ثقافت سے روشناس کرائیں گے۔ کشمیر میوزیکل نائٹ میں وادی کشمیر کی دلکش موسیقی، روایتی دھنوں اور ثقافتی ورثے کو پیش کیا جائے گا۔
موسیقی کی اس محفل میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے لوک گلوکار بھی پرفارم کریں گے۔ پنجاب میوزیکل نائٹ میں پنجاب کی لوک موسیقی، روایتی گیتوں اور علاقائی رنگوں کے ذریعے شائقین کو محظوظ کیا جائے گا۔ ان ثقافتی سرگرمیوں کا مقصد پاکستان کے مختلف علاقوں کی موسیقی اور لوک روایات کو فروغ دینا، علاقائی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا اور عوام کو ملک کے متنوع ثقافتی ورثے کے قریب لانا ہے۔واضح رہے کہ میلے میں یوں تو دن بھر لوک رقاص اور لوک گلوکار پرفارم کرتے ہیں لیکن شام کو اوپن ائیر تھیٹر میں خاص طور پر محفل موسیقی منعقد کی جاتی ہے۔جس میں چاروں صوبوں کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوک گلوکار پرفارم کریں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


