اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):اسلامی جمہوریہ پاکستان، مملکت سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ نے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے تاکہ اپنی مسلح افواج کی اجتماعی صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے، مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹا جا سکے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے۔ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس عزم کا اظہار فریقین نے مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس۔پی ڈی سی) کے دوسرے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کیا۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان، مملکت سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ نے 27 نومبر 2026ء کو اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس۔پی ڈی سی) کا دوسرا اجلاس منعقد کیا۔ کمیٹی نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر کام جاری رکھنے کے تینوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد، بشمول اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
کمیٹی نے 31 اگست 2026ء کو استنبول میں منعقد ہونے والے اپنے پہلے اجلاس اور 5 اکتوبر 2026ء کو ریاض میں ہونے والے ہنگامی اجلاس کے نتائج کا حوالہ دیا۔ کمیٹی نے ان اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا، بالخصوص اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے اور اپنے قومی قوانین کے مطابق اجتماعی دفاع کے وعدوں پر عملی طور پر عمل درآمد سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے مملکت سعودی عرب میں سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے سلسلے میں ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کو سراہا اور اتحاد کے ادارہ جاتی امور کی معاونت اور موثر رابطہ کاری میں اس کی اہمیت پر زور دیا۔
کمیٹی نے جاری سیاسی اور عسکری مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون اور رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرنے اور بات چیت و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ کمیٹی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانے والے گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی معاہدے کی اجتماعی دفاع سے متعلق شقوں کے مطابق مملکت سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کی حمایت میں کوششیں جاری رکھنے اور انہیں مزید تیز کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کی توثیق کی۔ فریقین نے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ اپنی مسلح افواج کی اجتماعی صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے، مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹا جا سکے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



