ٹورنٹو۔27نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ قیادت ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے سرگرم عمل ہے، پاکستان تنازعات کے حل، مذاکرات کے فروغ اور پائیدار امن کے قیام کا حامی ہے جبکہ عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے مکالمہ، باہمی احترام اور سفارتی روابط ناگزیر ہیں۔ ٹورنٹو آمد پر پاکستانی کمیونٹی، سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیات اور صحافیوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا پرتپاک استقبال کیا۔ ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریبات اور عشائیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں اور عالمی امن کے قیام کے لیے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ثالثی اور سفارتی کوششوں کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنی محنت، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاک کینیڈا دوستی، پارلیمانی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات کے تجربات اور عالمی روابط پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم اثاثہ ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان عوامی، پارلیمانی، کاروباری اور سماجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھے۔ سیدال خان ناصر نے ٹورنٹو میں پاکستانی کمیونٹی، میزبان شخصیات اور صحافیوں کی جانب سے پرتپاک استقبال اور ان کے اعزاز میں تقریبات کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



