اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):غیر ملکی وفود کی اسلام آباد آمد کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت کے مرکزی سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔پمز ہسپتال انتظامیہ نے ہائی الرٹ کے حوالے سے باضابطہ سرکلر جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ہائی الرٹ آج اور کل 27 نومبر تک نافذ العمل رہے گا۔
سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ ہائی الرٹ کے دوران پمز کا کوئی بھی افسر یا اہلکار چھٹی نہیں کرے گا اور تمام متعلقہ عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔نیورو سرجری، آرتھوپیڈک اور جنرل سرجری کے شعبوں میں اضافی عملے کو آن کال ڈیوٹی پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
سرکلر کے مطابق ہسپتال میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 10 بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ پمز بلڈ بینک میں خون کی وافر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ڈاکٹر شرجیل ظہیر کو ہائی الرٹ کے دوران پمز ہسپتال کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔مزید برآں، پمز کے تمام کلینیکل اور نان کلینیکل شعبہ جات کو ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اپنے ایمرجنسی ڈیوٹی روسٹرز تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



