پنوم پنہ۔27نومبر (اے پی پی):کمبوڈیا اور تھائی لینڈ نے سمندری حدود کے تنازع کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے کمیشن کو اپنے ساحلی علاقوں کے قریب متنازع سمندری مقامات اور جزائر کا دورہ کرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ شنہوا کے مطابق مستقل ثالثی عدالت کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت قائم مصالحتی کمیشن کے دورے سے اتفاق کیا ہے۔یہ پیش رفت ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کمیشن اور دونوں ممالک کے درمیان چار روزہ تیسرے اجلاس کے اختتام پر سامنے آئی۔
اجلاس کے دوران کمبوڈیا اور تھائی لینڈ نے سمندری حدود کے تعین سے متعلق تکنیکی معاملات پر کام کرنے کے لیے ایک مشترکہ تکنیکی ورکنگ گروپ بھی قائم کیا، جس میں دونوں ممالک کے ماہرین کے علاوہ کمیشن کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔مستقل ثالثی عدالت کے بیان کے مطابق فریقین اور کمیشن نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے ساحلوں کے قریب متعلقہ جزائر اور دیگر جغرافیائی مقامات کا دورہ کرنے سے کمیشن کو متنازع علاقوں کی جغرافیائی صورتحال اور مخصوص حالات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پراک سوکھون نے کہا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ ہمیشہ ہمسایہ ممالک رہیں گے، اس لیے دونوں کے درمیان مسائل کو بات چیت اور تعاون کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کوالالمپور میں ہونے والی پیش رفت کو دونوں ممالک کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔دوسری جانب تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سیہاسک پھوانگکیتکیو نے کہا کہ ان کا ملک مصالحتی عمل میں تعمیری انداز سے شرکت جاری رکھے گا اور امید کرتا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سمندری سرحدوں کے تعین کے حوالے سے مزید پیش رفت ہوگی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


