پشاور۔ 26 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے جدوجہد کی ہے، خیبرپختونخوا احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہماری خواہش ہے کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہوں۔نجی ہوٹل میں تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے احتجاج کی کال دی ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور انہوں نے ایم آر ڈی اور اے آر ڈی کی تحریکوں میں مل کر جدوجہد کی ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب میں مولانا فضل الرحمان کو روکا گیا ہے
انہوں نے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ پنجاب حکومت سے رابطہ کرکے معلوم کریں گے کہ مولانا فضل الرحمان کو کیوں روکا گیا۔گورنر کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو، سڑکوں پر اس طرح مسائل حل نہیں ہوتے، تمام فریقین کو چاہیے کہ بات چیت کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھائیں تاکہ صوبے میں سیاسی کشیدگی پیدا نہ ہو۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



