اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):نیشنل پریس کلب(این پی سی)اسلام آباد میں سابق صحافی اور پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین نوید انور کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں این پی سی کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان رائو ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، پی ایف یو جے دستور کے صدر حاجی نواز رضا، آر آئی یو جے دستور کے صدر رانا کوثر علی، سینئر صحافیوں طارق محمود سمیر، ظفر ہاشمی سمیت پریس کلب کے عہدیداران، سینئر صحافیوں اور دیگر صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے کہا کہ نوید انور کی نیشنل پریس کلب آمد ہمارے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے جب بھی وہ پاکستان تشریف لاتے ہیں اپنے پرانے صحافتی ساتھیوں سے ملاقات کو اہمیت دیتے ہیں، ان کے تجربات اور امریکہ میں جاری سرگرمیاں صحافیوں بالخصوص نوجوان صحافیوں کے لیے رہنمائی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت سے وابستہ رہنے والے افراد کا ایک دوسرے سے رابطہ اور تجربات کا تبادلہ پیشہ ورانہ ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری این پی سی ڈاکٹر فرقان رائو نے نوید انورکو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے صحافتی دور، پیشہ ورانہ خدمات اور امریکہ میں کاروباری و سماجی سرگرمیوں کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے دستور کے صدر حاجی نواز رضا نے کہا کہ نوید انور گزشتہ 25 سے 30 سال سے صحافتی حلقوں سے وابستہ رہے ہیں اور اپنے دور میں ایک بااثر اور متحرک صحافی کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوید انور نے صحافت کے بعد امریکہ میں کاروباری میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں تاہم پاکستان اور اپنے پرانے دوستوں سے ان کی محبت آج بھی برقرار ہے، وہ سال میں کئی مرتبہ پاکستان آتے ہیں اور اپنے ساتھیوں سے ملاقات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ نوید انور کو ان کے دوست آج بھی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اس موقع پر نوید انور نے اپنے خطاب میں کہاکہ نیشنل پریس کلب وہ جگہ ہے جہاں سے انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا اور یہاں موجود سینئر صحافیوں اور اساتذہ سے بہت کچھ سیکھا۔
اپنےسینئرز اور ساتھیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافت نے انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں کام کرنے، لوگوں سے رابطے استوار کرنے اور مختلف معاملات کو بیک وقت سمجھنے کی صلاحیت دی، جس سے امریکہ میں کاروباری اور تنظیمی سرگرمیوں کے دوران انہیں بہت فائدہ پہنچا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کاروباری برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے مقصد سے چیمبر آف کامرس کے قیام اور سرگرمیوں پر توجہ دی گئی تاکہ پاکستانی کاروباری افراد اجتماعی قوت کے ذریعے بہتر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انفرادی طور پر بڑی مالی معاونت دینے کے بجائے اگر کاروباری افراد ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر مشترکہ کوشش کریں تو اس کے نتائج زیادہ مؤثر اور پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔نوید انور نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری، تعلیمی اور سماجی روابط قائم کرنے کی خواہاں ہے۔ ان کا چیمبر پاکستانی نوجوانوں کو امریکی تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں سے متعارف کرانے، ان کے لیے تعلیمی مواقع تلاش کرنے اور انہیں مستقبل کے رہنماؤں کے طور پر تیار کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں موسم گرما کے دوران پاکستانی نوجوانوں کو امریکہ لے جانے اور انہیں وہاں کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے دورے کرانے کے پروگرام بھی ترتیب دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم اور اسکالرشپس کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے خود بھی تحقیق کرنی چاہیے اور متعلقہ یونیورسٹیوں کی شرائط پوری کرنی چاہئیں۔ والدین کو بھی اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور ان کی رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ امریکہ میں اپنے تعلیمی ویزے کی شرائط کی خلاف ورزی نہ کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بعض طلبہ معمولی مالی ضروریات یا مہنگے موبائل فون خریدنے کے لیے غیرقانونی ملازمتیں اختیار کر لیتے ہیں، جس سے ان کے تعلیمی مستقبل اور امیگریشن حیثیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔کاروباری مواقع کے حوالے سے نوید انور نے کہا کہ پاکستان کی مصنوعات میں عالمی منڈیوں تک رسائی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، تاہم پاکستانی صنعتوں کو بین الاقوامی معیار، کوالٹی کنٹرول اور سرٹیفکیشن کے تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری افراد کو شارٹ کٹ کے بجائے طویل المدتی منصوبہ بندی اپنانی چاہیے اور اپنی مصنوعات کو امریکہ سمیت عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کے لیے بین الاقوامی تجارتی نمائشوں اور ٹریڈ شوز میں شرکت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو صرف آن لائن پلیٹ فارمز تک محدود رکھنے کے بجائے امریکی مارکیٹ میں براہ راست متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
اس مقصد کے لیے امریکہ میں پاکستانی کاروباری افراد اور پاکستان کی صنعتوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات اور دیگر صنعتی شعبوں میں عالمی مارکیٹ کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، لیکن ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا ناگزیر ہے۔ ان کا چیمبر اس حوالے سے کاروباری اداروں کو رہنمائی اور مشاورت فراہم کرنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔اپنے امریکہ منتقل ہونے کے تجربات بیان کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کامیابی کے لیے محنت، مستقل مزاجی اور قانونی طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔ صرف مواقع تلاش کرنے سے کامیابی نہیں ملتی بلکہ عملی طور پر میدان میں اترنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے دوران مختلف ذرائع سے رابطے، بیک وقت کئی معاملات پر توجہ اور حالات کو سمجھنے کی جو تربیت ملی، اس نے انہیں امریکہ میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں مدد دی۔ انہوں نے اپنی کامیابی میں اللہ تعالیٰ پر توکل، محنت اور مثبت سوچ کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔سوالات کے جوابات دیتے ہوئے نوید انور نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ میں پاکستانی کاروباری برادری اور پاکستان کے مختلف چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں۔
امریکی پاکستانی کاروباری افراد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے، اپنا تجربہ منتقل کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ امریکہ میں ہونے والی کاروباری کانفرنسوں اور اجلاسوں میں پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اور کاروباری نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکے۔انہوں نے نیشنل پریس کلب کے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ ان کے پیغام کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ پاکستان اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے آخر میں معزز مہمان کو این پی سی کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



