اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی کے جاب سکل شیئر چیپٹر کے اشتراک سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں طلبہ کی عملی مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے ’’بلڈنگ ود ایل ایل ایمز: فرام پرامپٹس ٹو ایجنٹس‘‘ کے عنوان سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ورکشاپ کا مقصد طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی، پرامپٹ انجینئرنگ اور حقیقی دنیا میں استعمال ہونے والی مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز اور ایجنٹس کی تیاری اور تنصیب کے عملی طریقوں سے روشناس کرانا تھا۔ ورکشاپ کی قیادت جاب سکل شیئر کی مصنوعی ذہانت کی تربیت کار اور مصنوعی ذہانت و سائبر سکیورٹی میں پی ایچ ڈی محقق ڈاکٹر کائنات رضوان نے کی۔
عملی تربیتی سیشنز کے دوران شرکا کو پائتھن کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز تیار کرنے، منظم جے ایس او این ڈیٹا بنانے، پی ڈی ایف دستاویزات سے معلومات حاصل کرنے والے معاون نظام تشکیل دینے اور بیرونی ٹولز استعمال کرنے والے مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس تیار کرنے کی تربیت دی گئی۔ اس کے علاوہ شرکا نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ویب ایپلی کیشنز کی جانچ اور تنصیب کے طریقے بھی سیکھے ۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے متعلق عملی مہارتیں اور علم فراہم کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر جاب سکل شیئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دانش حیدر، ایڈٹیک فور ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعمان حیدر، انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی قائداعظم یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عدیل انجم، شعبہ خرد حیاتیات کے چیئرپرسن اور ڈائریکٹر دفتر برائے تحقیق، جدت و تجارتی روابط پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق علی اور قومی مرکز برائے حیاتیاتی معلومات کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے بھی خطاب کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



