لاہور۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 15 رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے، جس میں آل رانڈر فاطمہ ثنا کی بطور کپتان واپسی ہوئی ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہوگی۔
پاکستان ٹیم چیمپئن شپ میں 9 میچز میں 5 فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔دورے کے تمام میچز 8 سے 20 دسمبر تک روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی میچز 8، 10 اور 12 دسمبر جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو شیڈول ہیں۔ترجمان پی سی بی کےمطابق اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)،
نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبی حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ میں مصروفیت کے باعث آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ نہیں تھیں، تاہم اب وہ کپتان کی حیثیت سے ٹیم میں واپس آگئی ہیں۔دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے شین ڈیٹز پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



