لاہور۔24نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب نے6 مختلف اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت پنجاب نے کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال اور راولپنڈی میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹرز بنائے جائیں گے۔کینسر کے مریضوں کے لیے جدید تشخیصی ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات میں توسیع،تمام6 کینسر سینٹرز میں بریکی تھراپی (Brachytherapy) اور میموگرافی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ان کینسر سنٹرز کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو کیموتھراپی،ریڈیوتھراپی اور سرجری کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس حوالہ سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود،سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن ریٹائرڈ شاہ میر اقبال،ڈین نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر،سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ستائش،چیف پلاننگ آفیسر، سینئر پلاننگ آفیسر فاطمہ نورین اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے شرکت کی۔
وڈیو لنک کے ذریعے ہیلتھ اکانومسٹ ڈاکٹر محمد عدنان خان، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر مسفراح، سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، متعلقہ ایکسیئنز، ڈائریکٹرز بلڈنگز و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھر میں کینسر کے مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں کینسر کے علاج کی سہولیات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔پنجاب کے مختلف6 شہروں میں کینسر سنٹرز کا قیام انتہائی خوش آئند ہے۔لاہور میں75 ارب روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔پنجاب کے مختلف6 شہروں میں کینسر سنٹرز میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



