چیچہ وطنی۔ 24 نومبر (اے پی پی):محکمہ تحفظ ماحولیات ساہیوال کی جانب سے تعلیمی اداروں میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے شعور و آگاہی اجاگر کرنے کی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسپائر گروپ آف کالجز ساہیوال میں طلبا کے لیے خصوصی آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بچوں کو سموگ کے مضر صحت اثرات اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
سیمینار کے دوران محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران نے طلبا کو سموگ کے اسباب، اس کے انسانی صحت بالخصوص سانس کی بیماریوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات اور فضائی آلودگی سے بچا کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مقررین نے کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا صرف حکومت یا کسی ایک محکمے کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ طلبہ کو تلقین کی گئی کہ وہ خود بھی ماحول دوست عادات اپنائیں اور اپنے گھروں، سکولوں اور معاشرے میں صفائی، شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کا پیغام عام کریں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



