سرگودھا۔ 24 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144 کے تحت 7 روز کے لیے پابندیاں عائد کر دی ہیں، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ضلع بھر میں عوامی اجتماعات، دھرنوں، ریلیوں، جلوسوں، مظاہروں اور جلسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ہر قسم کے اسلحہ اور آتشیں ہتھیاروں کی نمائش، ساتھ لے کر چلنے اور استعمال کی بھی ممانعت ہوگی۔
اسی طرح موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے تاہم خواتین، بزرگ شہریوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ احکامات ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پیش کردہ سفارشات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس اور ممکنہ سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے ہیں۔ حکم نامے کے مطابق پابندیوں کا مقصد امن عامہ برقرار رکھنا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



