لاہور۔24نومبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہمارے لیے سب سے مقدم ہے، ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر ملک کو مضبوط بنانا اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔منگل کوپنجاب یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر پاکستانی مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ دشمن کبھی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے ملک میں انتشار اور تقسیم پیدا کرنا چاہتا ہے، تاہم ہمیں اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کے ذریعے اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ قوم نے متحد ہو کر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو شکست دینی ہے۔انہوں نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین پوری امت مسلمہ کا مرکز اور عقیدت کا محور ہے۔
افواج پاکستان کو حرمین شریفین کا محافظ بننے کا شرف حاصل ہوا ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مساجد پر حملے کرنے اور بے گناہ انسانوں کو شہید کرنے والوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام امن، محبت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



