اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خلائی تحقیق اور مشترکہ سائنسی ترقی کے میدان میں تاریخ رقم کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس پر وہ پوری قوم اور سپارکو کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تہنیتی پیغام میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین کے شنزو 24 مشن کی آئندہ روانگی کے ساتھ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی جلد ہی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر مدار میں پہنچنے والے پہلے بین الاقوامی عملے کے رکن بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی مضبوطی کا بھرپور عکاس ہے۔ نائب وزیراعظم نے تمام خلا بازوں کے لیے مشن کی کامیاب اور محفوظ تکمیل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



