لاہور۔24نومبر (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے جنوبی پنجاب میں خشک سالی کے خدشہ بارے الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کےمطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے خشک سالی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کے حوالے سے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب محمد خضر افضال نے مراسلہ میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ ہے۔ جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک موسم برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
خشک سالی کا خدشہ اور ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈی جی محمد خضر افضال نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پیشگی انتظامی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔ معمول سے کم مون سون بارشوں کے باعث زرعی زمینوں میں نمی کی کمی اور آبی وسائل پر دبا وبڑھنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ پی ڈی ایم اے اور متعلقہ محکموں کے مابین موثر کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ خشک سالی کی صورتحال بارے عوامی سطح پر آگاہی کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
ڈی جی محمد خضر افضال نے کہا کہ بروقت امدادی اقدامات کے لیے خشک سالی سے متعلق حساس آبادیوں اور افراد کا مکمل ڈیٹا بیس بنائیں۔ لوکل سطح پر پانی کے تحفظ کے اقدامات کو فروغ دیا جائے اورآگاہی مہم کا انعقاد کریں۔ خشک سالی سے متعلق حساس علاقوں میں مویشیوں کے تحفظ کے لیے ادوایات اور چارے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ محکمہ لائیو سٹاک، زراعت اور دیگر ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں اور ڈیٹا بیس اپڈیٹ کریں۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ زیادہ حساس علاقوں میں اضافی عملہ اور ضروری وسائل تعینات کریں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد خضر افضال نے ریسکیو 1122 سمیت ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



