سیالکوٹ۔23نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھان کی بروقت برداشت یقینی بنائیں تاکہ فصل کو پرندوں، چوہوں، کیڑوں اور دیگر نقصان دہ عوامل سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ دانوں کے جھڑنے اور ٹوٹنے سے بھی بچایا جا سکے۔ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے اے پی پی کو بتایا کہ دھان کی اچھی پیداوار اور معیاری چاول کے حصول کے لیے فصل کی مناسب وقت پر کٹائی اور تھریشنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
کاشتکار دھان کی برداشت اس وقت کریں جب دانوں میں نمی کا تناسب تقریباً 20 فیصد ہو۔انہوں نے بتایا کہ دانوں میں نمی کی زیادہ مقدار چاول کے ٹوٹنے کا باعث بنتی ہے، جس سے اس کے معیار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جبکہ ذخیرہ کرنے کے دوران بیماریوں کے حملے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ترجمان نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ فصل کی برداشت کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور زرعی ماہرین کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ فصل کے معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ممکنہ مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



