لاہور۔24نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پولیسنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی، پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود، سروس سٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف اہم انتظامی و پالیسی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، مختلف شعبوں اور فیلڈ یونٹس کے سربراہان، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی جبکہ متعدد افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اجلاس میں پولیس سٹیشنز کی جانب سے شہریوں کی شکایات پر فوری ردعمل، موثر سپرویژن، قانون کی عملداری اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس ملازمین کی مدتِ پروبیشن کے دوران سروس رولز سے متعلق انتظامی و پالیسی معاملات اور قوانین میں مجوزہ ترامیم پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں پولیس ویلفیئر، سروس سٹرکچر اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری آبادیوں کے پھیلا کے پیش نظر نئے پولیس سٹیشنز اور چیک پوسٹوں کی تعمیر، موجودہ تھانوں کی اپ گریڈیشن اور مختلف ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر مختلف پولیس یونٹس کے سربراہان نے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل امور پر اپنی تجاویز اور مشاہدات پیش کیے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران انتظامی امور کی موثر انجام دہی یقینی بنائیں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے اجلاس میں زیر بحث آنے والی تجاویز کو مزید بہتر اور قابل عمل بنا کر آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اہم پالیسی امور پر بروقت فیصلوں اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں ۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری، ایڈیشنل آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس، کمانڈنٹ ایس پی یو، ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایس ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹرز، آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، سی پی او ملتان، ڈی پی او مری سمیت دیگر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



