اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):آرگینک زراعت اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ایک نجی ادارہ کے سربراہ نجم مزاری نےخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں آرگینک زراعت کے فروغ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور برآمدات میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے،آرگینک شعبے میں سرمایہ کاری سے زرعی معیشت کو مستحکم کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں نجم مزاری نے تجویز پیش کی کہ دوست ممالک کے ساتھ تجارتی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے اور آرگینک مصنوعات کی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ آرگینک کاشتکاروں کی تربیت، جدید زرعی تحقیق، بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے قیام اور مصنوعات کی قابل اعتماد ٹریس ایبلٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نےکہا کہ ایس آئی ایف سی نجی شعبے اور سرمایہ کاروں کے تعاون سے آرگینک مصنوعات کی پراسیسنگ، پیکجنگ، کولڈ سٹوریج اور برآمدی مراکز کے قیام کی حوصلہ افزائی کرے۔ مربوط پالیسی، موثر سرکاری سرپرستی اور علاقائی تجارتی روابط کے ذریعے پاکستان آرگینک خوراک، جڑی بوٹیوں، مصالحہ جات، شہد اور خشک میوہ جات کی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



