پشاور۔ 02 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور، خوراک اور خواتین کی بہبود کفایت اللہ خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک اور خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں غذائی تحفظ، گندم اور چینی کے ذخائر، آٹے کی فراہمی، قیمتوں پر کنٹرول، خوراک کے معیار اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری خوراک شاہ محمود، ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی، ڈائریکٹر خوراک محسن اقبال، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عامر حسن، ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف، ڈائریکٹر فنانس ظاہر محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل اویس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کی سالانہ گندم کی ضرورت 54 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن ہے، جبکہ مقامی پیداوار 14 لاکھ 72 ہزار میٹرک ٹن ہے۔
محکمہ خوراک کے پاس اس وقت ایک لاکھ 40 ہزار 635 میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ مزید ایک لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم کی خریداری کے انتظامات کیے گئے ہیں جس کی پہلی کھیپ 3 نومبر کو پہنچنے کی توقع ہے۔اجلاس میں آٹے کی ترسیل کے نظام، چینی کے دستیاب ذخائر اور صوبے بھر میں اشیائے خورونوش کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے جنوری سے اکتوبر 2026 تک 88 ہزار 973 معائنے کیے، غیر معیاری اشیائے خورونوش ضبط کیں، 91 کاروباری مراکز سیل کیے اور خلاف ورزیوں پر 8 کروڑ 58 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانے عائد کیے۔مشیر گورنر کفایت اللہ خان نے ہدایت کی کہ گندم اور چینی کے ذخائر کی مسلسل نگرانی کی جائے اور آٹے سمیت دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو ملاوٹ، غیر معیاری خوراک اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، مارکیٹوں، اسٹریٹ فوڈ مراکز اور تعلیمی اداروں میں معائنوں اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کا دائرہ وسیع کرنے پر بھی زور دیا۔کفایت اللہ خان نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اہم ذمہ داری ہے، اس لیے فوڈ سیفٹی قوانین کا بلاامتیاز نفاذ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے فیلڈ انسپکشن ٹیموں کی استعداد بڑھانے اور انہیں ضروری وسائل اور سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔مشیر گورنر نے محکمہ خوراک اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈیجیٹل اقدامات کو سراہتے ہوئے قیمتوں کی نگرانی، سپلائی چین مینجمنٹ، معائنوں اور عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی تاکہ شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر ہو۔انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، مختص فنڈز کے مؤثر استعمال اور انتظامی رکاوٹوں کے فوری خاتمے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے بہتر باہمی رابطے کے ذریعے عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ غذائی تحفظ کے چیلنجز سے بھی مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔مشیر گورنر نے واضح کیا کہ معیاری خوراک، اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر دستیابی اور ملاوٹ سے پاک غذائی مصنوعات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



