پشاور۔ 22 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو صوبے کے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں شمسی توانائی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں وائٹ پیپر سمٹ کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل سولر انرجی نمائش کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر نمائش کے سربراہ خواجہ وہاج الحق نے گورنر کو جدید سولر ٹیکنالوجی اور مختلف کمپنیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی مصنوعات سے متعلق آگاہ کیا۔ گورنر نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا اور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش قابلِ تجدید توانائی، جدید سولر سسٹمز اور سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں، اس جنگ میں ہارنے کا کوئی آپشن موجود نہیں، عوام کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



