کوئٹہ۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع واشک کے علاقے گورندر، ماشکیل میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام ویژن کے تحت ملک بھر سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی اور ملک و صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



