اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):سری لنکا الیون نے پی سی بی پیٹرنز الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز 223 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی، کوسال مینڈس اور لاہیرو اودارا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جواب میں پی سی بی پیٹرنز الیون نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 43 رنز بنا لیے۔ بدھ کو اسلام آباد کلب میں سری لنکا الیون کے کپتان کوسال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم نے 58 اوورز میں 223 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ کوسال مینڈس 66 اور لاہیرو اودارا 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ انجالا بندارا 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بیٹرز میں دھننجایا ڈی سلوا 14، سونل دینوشا 10 اور پسندو سوریا بندارا 8 رنز بنا سکے جبکہ دنیش چندیمل اور ملان رتھنائیکے صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پیٹرنز الیون کی جانب سے ثاقب خان، محمد سلمان اور علی شبیر نے دو، دو جبکہ عبید شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پی سی بی پیٹرنز الیون نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 43 رنز بنا لیے، عبداللہ فضل 2 اور سمیر منہاس 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اذان اویس 19 اور محمد طحہ 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دلشان مدوسنکا اور ملان رتھنائیکے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



