اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور برطانیہ نےتجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔منگل کو ترجمان وزارتِ خارجہ کے دفترِ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے دفترِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور (ایف سی ڈی او) کے وزیرِ مملکت برائے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان اسٹیفن ڈاؤٹی کا استقبال کیا۔
فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیااورباہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اس دوران تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس امر پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مسلسل مذاکرات اور سفارتکاری نہایت اہم ہیں۔دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مذاکرات جلد فعال بنانے کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



