اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ معاشرے میں بچوں کو یکساں مواقع اور سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے،بچوں کے حقوق کا تحفظ پارلیمان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پیر کو پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال کے زیر اہتمام تحفظ حقوق اطفال کی مناسبت منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ پارلیمان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،قومی اسمبلی میں ویمن کاکس اور ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ بچوں کے حقوق کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ معاشرے میں بچوں کو یکساں مواقع اور سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے،ایک طبقے کے بچوں کو تمام سہولیات میسر ہیں جبکہ دوسرا طبقہ بنیادی تعلیم سے بھی محروم ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی بچوں کو درپیش مسائل کی ایک بڑی وجہ ہے،بچوں کو استحصال سے بچانا والدین کے ساتھ اساتذہ کی بھی ذمہ داری ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بچے بڑوں کے رویوں اور روزمرہ معمولات سے بہت کچھ سیکھتے ہیں،بچوں کی بہتر تربیت کے لئے ہمیں سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بچوں سے مشقت ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ ہے، ہمارے بچوں کا بھی حق ہے کہ وہ دنیا کے ساتھ ترقی کریں اور آگے بڑھیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اب سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز سے بھی بچوں کے حقوق کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کیلئے بات کروں گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



