اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):بینکوں کے ڈپازٹس، مختصر مدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری کے حجم میں اکتوبر 2026 کے دوران سالانہ بنیاد پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سٹیٹ بینک پاکستان کے مطابق اکتوبر کے اختتام پر بینکوں کے مجموعی ڈپازٹس کا حجم 40.15 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے 35.14 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 14.2 فیصد زیادہ ہے،تاہم ستمبر 2026 کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران بینکوں کے ڈپازٹس میں ماہانہ بنیاد پر 1.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ستمبر کے اختتام پر بینکوں کے ڈپازٹس کا حجم 40.82 ٹریلین روپے تھا جو اکتوبر کے اختتام پر کم ہو کر 40.15 ٹریلین روپے رہ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے اختتام پر بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 14.50 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے 12.35 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 17.4 فیصد زیادہ ہے، تاہم ستمبر کے 15.38 ٹریلین روپے کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران ان قرضوں میں ماہانہ بنیاد پر 5.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر کے اختتام پر بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 40.60 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے 36.54 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 11.1 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیاد پر 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 کے اختتام پر بینکوں کے قرضوں اور ڈپازٹس کا تناسب (ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو)36.1فیصد ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں 37.7 فیصد اور گزشتہ سال اکتوبر میں 35.2 فیصد تھا۔اس طرح ماہانہ بنیاد پر قرضوں کے مقابلے میں ڈپازٹس کا تناسب کم ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر اس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



